اسلام آباد:(آئی این پی ) وزیر داخلہ چودھری نثار نے ڈرون حملے پر جہاں امریکا سے احتجاج کیا وہیں کئی سوال بھی اُٹھائے ہیں ۔ چودھری نثار نے امریکی ڈرون حملے پر کئی سوالات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ محمد ولی افغانستان میں تھا تو امریکا کے لیے خطرہ کیوں نہیں تھا؟ محمد ولی کئی ممالک میں گیا ، اسے پاکستان میں ہی کیوں نشانہ بنایاگیا؟ حملے سے پہلے پاکستان کو اطلاع کیوں نہیں دی گئی؟ کیا پاسپورٹ کار سے ہی نکلا یا گمراہ کرنے کیلئے وہاں پھینک دیا گیا؟ اگر طالبان لیڈر کو پاکستانی حمایت حاصل ہوتی تو کیا وہ صرف ڈرائیور کے ساتھ کیوں آتا؟ امریکا نے کارروائی اس وقت کیوں نہیں کی جب افغانستان میں ایک لاکھ سے زائد فورسز تھیں؟ اگر فوجی آپریشن کرنا ہے تو قطر میں طالبان کے دفتر کا کیا جواز ہے؟ ملا منصور مذاکرات میں رکاوٹ ہوتا تو مری میں دوسرا دور کیوں ہوتا ؟ مری مذاکرات سے چند روز پہلے ملاعمر کی موت کی خبر کیوں لیک کی گئی؟ ملٹری آپریشن حل ہوتا تو نائن الیون کے بعد اب تک کامیابی کیوں نہیں ہوئی-