نیویارک: (اے پی پی) سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کہا ہے کہ ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھاتے رہیں گے ، بھارت بلوچستان کا نام لے کر کشمیریوں کی آواز نہیں دبا سکتا ، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، اس مسئلے کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کریں گے ۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے نیویارک جا کر بھی دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا ۔ دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ بولے پاکستان مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھائے گا ۔ وزیر اعظم بھی اپنی تقریر میں کشمیر کا مسئلہ بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے ، ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ اعزاز چودھری نے بھارت سے کہا کہ وہ بلوچستان کا نام لے کر کشمیریوں کی آواز نہیں دبا سکتا ، کشمیر کا مسئلہ ایک مسلمہ حقیقت ہے ۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ بلوچستان کا صوبہ پاکستان کا سب سے پیارا صوبہ ہے ، سی پیک منصوبے کی وجہ سے صوبہ ترقی کر رہا ہے ۔ ادھر اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی اور سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے نیویارک میں صحافیوں کو بریفنگ دی جس میں کشمیر پر پاکستانی موقف اور وزیر اعظم نواز شریف کی مصروفیات کے حوالے سے بتایا گیا ۔