قومی دفاع

مشیرخارجہ کا مقبوضہ کشمیرکےحوالےسےعالمی اداروں کوخط

اسلام آباد:(اےپی پی ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھ دیا جس میں عالمی برادری سے بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کو روکنے کی اپیل کی گئی ہے۔ دفترخارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کو خط لکھا جس میں بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کے بہیمانہ قتل عام پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ خط میں اقوام متحدہ کی کئی قراردادوں میں استصواب رائے کی یقین دہانی کرائی گئی جب کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ خط میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کررہی ہے، عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں کے قتل عام سے روکے جب کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو اندرونی معاملہ قراردے کرحقائق سے نظرنہیں چرا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بھارت کے حق خودارادیت سے انکارکا نتیجہ ہے جب کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا مایوسی پیدا کررہا ہے، اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا ہے۔