سرینگر (ملت + آئی این پی) مقبوضہ کشمیر کے علاقے بانڈی پورہ میں مجاہدین کے ساتھ جھڑپ میں 3بھارتی فوجی جہنم واصل جبکہ 2 افسران سمیت 9اہلکار زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے بانڈی پورہ میں منگل کو ایک مسلح جھڑپ میں3بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ۔حکام کے مطابق اس جھڑپ میں 2 افسران سمیت 5 فوجی، مقامی پولیس کے 4اہلکار اور ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے۔زخمی ہونے والے فوجی افسران و جوانوں اور پولیس کے اہلکاروں کو سری نگر میں فوج کے 92 بیس اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔بھارتی فوج کے ذرائع کے مطابق زخمی میجر بی ایس تھاپا کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔واضح رہے دو روز قبل مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں مجاہدین کے ساتھ جھڑپ میں 2بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ قابض بھارتی فوج نے اپنی ظالمانہ کاروئیوں کے دوران 6کشمیریوں کو شہید کردیاتھا۔۔کلگام میں شہریوں کی شہادت کے بعد مقبوضہ وادی میں صورت حال ایک مرتبہ پھر کشیدہ ہو گئی تھی اور حریت رہنماؤں کی اپیل پر کشمیر کے مختلف علاقوں میں پیر کو ہڑتال بھی کی گئی۔جب کہ کلگام میں مظاہروں کے دوران بھارتی سکیورٹی فورسز سے تصادم میں متعدد افراد زخمی بھی ہو گئے تھے۔