مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جدوجہدِ حق خود ارادیت کو نہیں دباسکتے، پاک فوج
راولپنڈی(ملت آن لائن)پاک فوج نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کشمیریوں کو ان کی جدوجہد حق خود ارادیت سے نہیں روک سکتے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق رواں سال بھارت نے 1140 سے زائد مرتبہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کشمیریوں کو حق خود ارادیت کی جدوجہد سے نہیں روک سکتیں۔
ترجمان پاک فوج نے ایل او سی پر بھارت کی سرحدی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جارحیت سے باز رہے ورنہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آج کشمیر پر بھارتی قبضے کو 70 سال مکمل ہوگئے ہیں جس کے خلاف کشمیری عوام دنیا بھر میں یوم سیاہ منا رہے ہیں۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کشمیریوں کوان کی قربانیوں اورجدوجہد پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں اور بھارتی جبرواستبداد کشمیریوں کوان کے جذبہ آزادی سے پیچھے نہیں ہٹاسکتا۔
وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کشمیرمیں یوم سیاہ کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کوقربانیوں اورجدوجہد کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں، 27 اکتوبر1947 کوبھارتی فورسز نے جموں وکشمیرپرزبردستی قبضہ کیا جب کہ متعدد بھارتی رہنماؤں کے وعدوں کے برعکس بھارت کشمیریوں کوان کاحق نہیں دے رہا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کشمیری میں انسانیت سوزمظالم کی دنیامیں مثال نہیں ملتی، بھارتی جبرواستبداد کشمیریوں کوان کے جذبہ آزادی سے پیچھے نہیں ہٹاسکتا جب کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اجاگرکرنے کے لئے آج ملک بھرمیں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔