قومی دفاع

ملاہیبت اللہ کا نام دہشتگردوں کی فہرست میں نہیں :امریکہ

واشنگٹن:(آئی این پی) امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ملا ہیبت اللہ کا نام دہشتگردوں کی فہرست میں نہیں ہے ۔ طالبان کے نئے امیرکے پاس بات چیت کے ذریعے قیام امن کا بہترین موقع ہے ۔ ادھر عبداللہ عبداللہ کے ترجمان نے ٹویٹ کی ہے کہ طالبان جنگ ختم کریں یا سنگین نتائج کے لیے تیار ہو جائیں ۔ دارالحکومت واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے طالبان کے نئے امیر ہیبت اللہ اخونزادہ کا نام دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے ۔ مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ ہیبت اللہ کے پاس ایک اہم موقع ہے کہ وہ بات چیت کے ذریعے افغانستان کے مسئلے کو حل کریں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ مذاکرات کا ہی انتخاب کریں گے ۔ دوسری جانب افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے ترجمان نے ٹویٹ کی ہے کہ وہ ملا ہیبت اللہ کو امن کی دعوت دیتے ہیں ، وہ جنگ ختم کریں یا سنگین نتائج کے لیے تیار ہو جائیں ۔ ادھر ملا ہیبت اللہ سے منسوب ایک ٹیپ منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کر رہے ہیں تاہم طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس بیان کی تردید کی ہے ۔