راولپنڈی (آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملکی سلامتی و ترقی کے خلاف سرگرم دشمنوں کی ایجنسیوں کوہر صورت ناکام بنایا جائے گا، دشمنوں کی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے، ایسی سرگرمیاں پاکستان کی سلامتی اور ترقی کو متاثر کر رہی ہیں، دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعرات کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور، ملکی داخلی و خارجی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے شوال سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کو پاکستان میں مخالف خفیہ ایجنسیوں کی سر گرمیوں اور ان کے سدباب کی خاطر کئے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی سلامتی و ترقی کے خلاف سر گرم ایجنسیوں کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا، ایسی سرگرمیاں پاکستان کی سلامتی اور ترقی کو متاثر کر رہی ہیں، دشمن کی سر گرمیوں کو روکنے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔(اح)