راولپنڈی (ملت + آئی این پی) ملک بھر میں آپریشن رد الفساد جاری ،سیکیورٹی اداروں کا دہشت گردوں ،شرپسندوں ،سہولت کاروں اور مشتبہ افراد کے خلاف کریک ڈاون ،وفاقی دارالحکومت اورپنجا ب کے مختلف علاقوں میں رینجرز ،پولیس اورانٹیلی جنس اداروں نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے11افغانیوں سمیت 26مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ۔بدھ کو پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق انٹیلی جنس اداروں ،رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے وفاقی دارالحکومت اورپنجاب کے علاقوں ڈی جی خان،لاہور،راولپنڈی،سیالکوٹ،اٹک،حسن ابدا ل ،ناروال،شکرگڑھ اور راجن پور میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 26مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن میں 11افغان باشندے بھی شامل ہیں۔گرفتار افراد کی نشاندہی پرکارروائی کرتے ہوئے اسلحہ،بارود ،آئی ای ڈی،کمپیوٹرز،خودکش جیکٹس تیار کرنیوالا سامان اورسرکٹس بر آمد کر لئے گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق میرانشاہ کے گاؤں سپلگا میں سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ وگولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا جس میں بارودی سرنگیں ،فیوز، سرکٹ ، راکٹس اور گولیاں شامل ہیں ۔اسلحہ وگولہ بارود ایک سرنگ میں چھپایا گیا تھا ۔