فیصل آباد۔19 اکتوبر(ملت + اے پی پی )دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی آج20اکتوبربروزجمعرات کو ایئر ٹریفک کنٹرول کا عالمی دن بھر پور طریقے سے منایاجائے گا۔اس موقع پر فیصل آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت دیگر تمام ایئر پورٹس پر قومی فضائی کمپنی پی آئی اے ، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئر ٹریفک کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات کا اہتمام کیاجائے گا جن کا مقصد فضائی سفر کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول کرنے کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالنا ، اس سلسلہ میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے فضائی حادثات کے خدشات کوِ ختم کرنااور دوران سفر فضائی مسافروں کو تمام سہولیات بہم پہنچانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیناہے۔ فضائی ماہرین نے بتایاکہ ہوائی سفر دنیا کا سب سے تیز ترین اور محفوظ ذریعہ ہے اور کسی بھی ہوائی سفر کے دوران جہاز کے پائلٹ ، ائیر ہوسٹسز ، نیویگیٹرز ، ٹیکنیشن وغیرہ مسافروں کو تمام ممکن سہولیات بہم پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں لیکن اس ہوائی سفر میں سب سے اہم اور حساس ترین کردار ان لوگو ں کا بھی ہو تا ہے جو بظاہر ہوائی سفر کے دوران نظر نہیں آ تے لیکن وہ ساری ایئر ٹریفک کو کنٹرول کرتے ہوئے ہمارے ہوائی سفر کو محفوظ ترین بنانے میں ریڑھ کی ہڈ ی کی حیثیت رکھتے ہیں جنہیں ایئر ٹریفک کنٹرولر کہا جاتاہے۔ ایئر ٹریفک کنٹرول کے عالمی دن کے موقع پر ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیاجائے گا جبکہ اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا بھی خصوصی پروگرامات نشرکرے گا۔