لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) لاہور کے فیکٹری ایریا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کومبنگ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ 3کو گرفتارکرلیا گیا۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد مارا گیا، جبکہ3کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے خودکش جیکٹ، ڈیٹونیٹر اور اسلحہ بر آمد کرلیا گیا ہے۔مقابلے کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے3 سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے، جن کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق مقابلے میں مارا گیا دہشت گرد حلئیے سے ازبک لگتا ہے۔ مارے جانے والے دہشت گرد نے شلوار اور شرٹ پہن رکھی تھی۔ دہشت گردوں نے5مرلے کا گھر2 ماہ پہلے کرائے پر لیا تھا۔سنگل پورشن گھر کا مالک حفیظ غازی روڈ کا رہائشی ہے۔2ماہ پہلے ایک شخص عظیم نے حفیظ سے گھر کرائے پر لیاتھا۔عظیم بھی حراست میں لئے جانے والوں میں شامل ہے۔عظیم کا عارضی پتہ جوہرٹاؤن لاہور،جبکہ مستقل پتہ راولپنڈی کاہے۔دوسری جانب لاہور میں اقبال ٹاؤن اور مانگا منڈی کے علاقے میں پولیس کا سرچ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران 12مشتبہ افراد زیرحراست میں لے لیے گئے۔