ملک میں تعلیم کی بہتری کے لئے سب کچھ کریں گے، آرمی چیف
راولپنڈی:(ملت آن لائن) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ نئی نسل ہمارا اثاثہ ہے اور ہم ملک کی تعلیم کی بہتری کے لئے سب کچھ کریں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی پبلک اسکولز و کالجز سسٹم کے فیڈرل بورڈ کے میٹرک و انٹر امتحانات میں پوزیشن ہولڈر طلبا کو ایوارڈز دینے کی تقریب ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے طلبا کو ایوارڈز دیئے جب کہ طلبا، والدین اور اساتذہ کو بہترین نتائج پر مبارکباد بھی دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ نئی نسل ہمارا اثاثہ ہے اور ان کی کامیابیوں پر ہمیں فخر ہے ہم ملک میں تعلیم کی بہتری کے لئے سب کچھ کریں گے۔
امریکی اتاشی سمیت 6 غیر ملکی دفاعی اتاشیوں کا ایل او سی کا دورہ
راولپنڈی:(ملت آن لائن) غیرملکی دفاعی اتاشیوں نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جہاں پاک فوج نے انہیں بھارتی اشتعال انگیزی پر بریفنگ دی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 ملکوں کے دفاعی اتاشیوں نے لائن آف کنٹرول پر راولا کوٹ کا دورہ کیا، اتاشیوں کا تعلق امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، ترکی اور انڈونیشیا سے ہے۔
غیر ملکی اتاشیوں نے متاثرین سے بھی ملاقات کی: فوٹو/ آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق غیر ملکی اتاشیوں کو بھارتی فوج کی بربریت پربریفنگ دی گئی اور ان کی متاثرین سے ملاقاتیں بھی کرائی گئیں، اتاشیوں نے متاثرین سے مشکلات دریافت کیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مہمانوں کو پاک فوج کے آزاد کشمیر میں ریلیف کے کام پر بھی بریفنگ دی گئی۔