اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) پنجاب رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل کو تبدیل کرکے میجر جنرل اظہر نوید حیات خان کو نیا ڈی جی تعینات کردیا گیا۔ موجودہ ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی کی جگہ میجر جنرل اظہر نوید حیات خان کو نیا ڈی جی رینجرز تعینات کردیا گیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے میجر جنرل اظہر نوید حیات کی بطور ڈی جی رینجرز تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ میجر جنرل اظہر نوید آئندہ ماہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ پنجاب میں ڈی جی رینجرز کی تبدیلی کا فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے جب کہ نئے ڈی جی کو سیکیورٹی سے متعلق اہم ٹاسک دیا جائے گا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد پاک فوج کی کمانڈ میں تبدیلی کی جاچکی ہے جس کے تحت ڈی جی رینجرز سندھ، کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھی نئی تقرریاں کی جاچکی ہیں۔