قومی دفاع

نوازشریف کوپیشگی اطلاع دیدی تھی: امریکہ

ینگون:(آئی این پی) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکا نے ملا اختر منصور پر حملے سے قبل پاکستان اور افغانستان کے سربراہوں کو اطلاع دے دی تھی۔ میانمار کے دارالحکومت ینگون میں پریس کانفرنس کے دوران جان کیری نے کہا کہ ملا اختر منصور افغانستان میں امریکی افواج اور افغانوں کے لیے مسلسل خطرہ تھے، انہوں نے اس حملے کے بارے میں پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اور افغان صدر اشرف غنی کو پیشگی اطلاع دے دی تھی۔ امریکا کی اس کارروائی سے دنیا کو واضح پیغام جاتا ہے کہ ہم افغان حکام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ایک مستحکم، محفوظ اور ترقی یافتہ افغانستان کے قیام کے لیے کوششیں کرتے رہیں گے۔ امریکی وزارت دفاع ’’پینٹاگون‘‘ کے ترجمان پیٹر کک نے ایک بیان میں کہا کہ ملا اختر منصور افغانستان میں دہشت گردی کے حملوں کی منصوبہ بندی میں حصہ لیتے رہے ہیں۔ وہ افغان شہریوں، سیکیورٹی فورسز، امریکی عملے کے ارکان اور اس کے اتحادیوں کے لیے خطرے کا باعث بنے رہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن و مصالحت کی راہ میں رکاوٹ رہے،انہوں نے دیگر طالبان رہنماؤں کو افغان حکومت کے ساتھ امن مذاکرات میں حصہ لینے سے روک رکھا تھا۔ افغان صدر اشرف غنی اورچیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے بھی طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔