قومی دفاع

نیشنل ایکشن پلان میں پیشرفت نہ ہونےسےآپریشن ضرب عضب متاثرہوا: آرمی چیف

راولپنڈی: (اے پی پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے زیر صدارت جی ایچ کیو میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ڈی جی آئی ایس آئی، کور کمانڈر راولپنڈی اور پرنسپل سٹاف افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے اہداف، پیش رفت پر سست روی اور آپریشن ضرب عضب پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان ہمارے مقاصد کا محور ہے۔ ہم طویل عرصے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کر رہے ہیں۔ ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے لیکن سست روی سے آپریشن ضرب عضب متاثر ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ کچھ عناصر کے ترغیبی بیانات اور تھیوریاں قومی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچنے شروع ہو گئے ہیں۔ آپریشنز کے نتیجے میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے. کامیابیوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے قومی رسپانس میں یکجہتی ضروری ہے۔