اسلام آباد :(اے پی پی) پشاور کے علاقے ورسک روڈ میں 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ جمعہ کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق 4خود کش حملہ آور اسلحے اور گولا بارود کے ہمراہ صبح تقریباً 5بجکر 50 منٹ پر سیکیورٹی گارڈ کو نشانہ بنا کر کرسچین کالونی میں داخل ہوئے ، سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کی اور اس علاقے کو گھیرے میں لیے لیا ۔ اس موقع پر سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں تمام دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ فرنٹیئر کور کے دو جوان ،ایک پولیس اہلکار اور دو سویلین سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگئے ۔سیکیورٹی فورسز کرسچین کالونی میں صورتحال پر قابو پانے کے بعد گھر گھر تلاشی شروع کر دی ہے۔