ریاض(اے پی پی)وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے ہیں۔ دونوں رہنما اسلامی ممالک کے اتحاد کی نارتھ تھنڈر مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف ریاض پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، وزیراعظم نوازشریف شاہ سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے ریاض میں سعودی فرمانرواکی طرف سے دیے گئےعشائیے میں شرکت کی، سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز نےوزیراعظم نوازشریف کاپرتپاک استقبال کیا،اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی وزیراعظم کےہمراہ عشائیے میں شریک تھے۔ عشائیے میں21ملکوں کے سربراہان اورنمائندوں نے شرکت کی،وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نارتھ تھنڈر مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے، پاکستان اور پانچ خلیجی ممالک سمیت 20اسلامی ممالک فوجی مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔