اسلام آباد:(آئی این پی) وزیر اعظم نواز شریف سے قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ اور سیکرٹری خارجہ نے ملاقات کی جس میں بھارت میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی ۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت مشیر قومی سلامتی اور سیکرٹری خارجہ کی اہم بیٹھک ۔ پاک بھارت مذاکراتی عمل اور ہارٹ آف ایشیا کانفرنس پر مشاورت ۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کے لئے حکمت عملی تیار ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھارت میں منگل سے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ کانفرنس کے موقع پر سیکرٹری خارجہ کی بھارتی ہم منصب سےملاقات بھی ہوگی ۔ پاکستان کی افغانستان کے حوالے سے پالیسی پر بھی غور کیا گیا ۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے وفد کے ہمراہ بھارت جا رہے ہیں ۔ ان کی نئی دہلی میں دیگر اہم ملکوں کے وفود سے ملاقاتیں بھی ہوں گی ۔