اسلام آباد:(آئی این پی) وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کا اجلاس ہوا ہے جس میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر غور کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، قومی سلامتی کے مشیر ناصرجنجوعہ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کے علاوہ دیگر اہم سیاسی و عسکری قیادت بھی شریک تھی۔اجلاس میں ملکی سلامتی کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور آپریشن ضرب عضب کے نتائج پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر اجلاس کے شرکا نے سانحہ شب قدر کی مذمت اور تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح اور قومی عزم ہے۔