لاہور: (اے پی پی) وزیر اعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف منگل کے روز ملک بھر میں یوم سیاہ منانے اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا ۔ گورنر ہائوس لاہور میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ برہان وانی آزادی کا سپاہی تھا اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کی تحریک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے مظالم جہدوجہد آزادی کشمیر کو مزید مضبوط کریں گے ۔ بھارت کے سات لاکھ فوجی کشمیر کی تحریک کو دبا نہیں سکتے ۔ ان کا کہنا تھا ہندوستان کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے اور کشمیری اپنا حق لے کر رہیں گے ۔ اس سے قبل سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے وفاقی کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارتی جارحیت پر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور انہیں تفصیلی طور پر کشمیر پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اقوام متحدہ میں کشمیر کا مسلہ بھرپور طریقے سے اٹھا رہے ہیں اور حکومت نے تمام سفارتخانوں کو مسلہ کشمیر پر پاکستانی موقف اجاگر کرنے کی فوری ہدایات کی ہیں ۔