اسلام آباد:(آئی این پی) ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات خفیہ تھی اور نہ ہی غیر معمولی- ترجمان وزرات داخلہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی اور وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات نہ توخفیہ تھی اور نہ غیرمعمولی، یہ ملاقات معمول کے مطابق تھی جو کل دن میں آرمی ہاؤس میں ہوئی لہذا ملاقات کے حوالے سے غیر ضروری قیاس آرائی سے گریز کیا جائے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سے ملاقات میں بلوچستان میں حالیہ ڈرون حملہ، نیشنل ایکشن پلان سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملاقات میں پاکستان کے مجموعی سیکیورٹی معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیرداخلہ چوہدری نثار اور وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی جس میں ملکی داخلی صورتحال سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔