نئی دہلی/اسلام آباد:(آئی این پی) بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دیول نے اپنے پاکستانی ہم منصب ناصر جنجوعہ کو ٹیلی فون کر کے پٹھانکوٹ ایئر بیس حملہ کیس کی تحقیقات کیلیے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا۔ گزشتہ روزبھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دیول نے پاکستانی قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ کو ٹیلیفون کیا اور ان کے ساتھ پٹھانکوٹ ایئربیس حملہ کی تحقیقات کیلئے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا۔ اجیت دیول کے مشیر نے ناصر جنجوعہ کے ساتھ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کے بیان کا معاملہ بھی اٹھایا اور بیان پر شدید تشویش کا اظہار کیا جس میں عبدالباسط نے کہا تھا کہ بھارتی ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کودورہ پاکستان سے روکنے سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان پر اثر پڑ سکتا ہے۔ بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کے ساتھ گفتگو کے دوران ناصر جنجوعہ نے بھارت کے ساتھ امن عمل کو جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔