قومی دفاع

ٹیکسلا میں رینجرز کی کاروائی ، اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد، تین افراد گرفتار

ٹیکسلا/ اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) رینجرز کی کاروائی میں اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد، تین افراد کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا جبکہ آپریشن رد الفساد کے تحت سیکیورٹی اداروں نے اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 180 گھروں اور 330 افراد کی تلاشی لی ‘دوران آپریشن 2 بارہ بور،ایک تیس بور سمیت روند بر آمد کر لئے‘4مطلوب افراد سمیت 6افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹیکسلا کے محلہ منظور آباد پمپ والی گلی میں رینجرز کا ایک گھر پر چھاپہ بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ، تین افراد کر گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ زرائع کے مطابق تینوں افراد مقامی بتائے جاتے ہیں گرفتار ملزمان میں ملک امجد، ملک اظہراور راجہ امبر شامل ہیں، تینوں افراد مقامی لیگی ایم پی اے ملک عمر فاروق کے قریبی رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔جبکہ آپریشن رد الفساد کے تحت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کاروائیاں جاری ہیں۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا تھانہ کورال کے علاقہ گوہرہ مست،باغ جوئیاں و گردو نواح میں سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن میں 180 گھروں اور 330 افراد کی تلاشی لی گئی ۔ دوران آپریشن دو بارہ بور،ایک تیس بور سمیت روند بر آمد کر لئیے گئے۔آپریشن میں چار مطلوب افراد سمیت چھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔گرفتار افراد کو بر آمد اسلحہ سمیت تھانہ کورال منتقل کر دیا گیا۔