قومی دفاع

پارہ چنار: آرمی چیف کا دورہ، زخمیوں کی عیادت

پارہ چنار: (ملت+اے پی پی) سانحہ پارہ چنار کے باعث علاقے کی فضا سوگوار ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ متاثرین کی دلجوئی کیلئے پارہ چنار پہنچ گئے۔ قبائلی عمائدین سے ملاقات کے دوران سپہ سالار نے فاٹا میں امن کے لئے عوام کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج اور ایف سی نے علاقے میں استحکام کیلئے زبردست کام کیا، دہشتگرد اس استحکام کو ختم کرنے میں ناکام ہونگے۔ آرمی چیف نے پارہ چنار میں آرمی پبلک سکول تعمیر کرنے کا اعلان بھی کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایجنسی ہیڈکوارٹرز ہسپتال اور سی ایم ایچ پشاور میں زیرعلاج زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ کور کمانڈر پشاور بھی ان کے ساتھ تھے۔ کور ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔ اس سے پہلے گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے بھی زخمیوں کی عیادت کی اور شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔