اسلام آباد:(آئی این پی) ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم سے ملاقات میں سیاسی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انھیں اہم پیغام دیا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات جلد مکمل ہونی چاہیے کیونکہ یہ معاملہ حل ہونا ملکی مفاد میں ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی اور شفافیت کے لئے سب کو کام کرنا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان یہ ملاقات ایک مہینے سے زائد عرصے بعد ہوئی ہے۔ دونوں اہم شخصیات کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں آپریشن ضرب عضب میں حاصل کی گئی کامیابیوں اور کراچی آپریشن کو جاری رکھنے پر بھی گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف نے وزیراعظم کو ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کے حوالے سے بریف کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کراچی آپریشن کی رفتار اور اس میں اب تک حاصل کئے گئے اہداف کو تسلی بخش قرار دیا اور اس کو مزید جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے بھی وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تصدیق کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں قومی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ وزیراعظم اور آری چیف نے ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قیام امن کی کوششوں کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔