اسلام آباد:(آئی این پی ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس تحقیقات کا جلد ہونا ملکی استحکام کے لئے ضروری ہے ، دو بڑوں کی ملاقات کے بعد خاص وزرا اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت ہونے والے اجلاس میں ملکی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ترجمان وزیر اعظم کا کہنا ہے وزیر اعظم اور آرمی چیف کی معمول کی ملاقات تھی ۔ وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ون آن ون ملاقات ، پانامہ لیکس کی جلد تحقیقات ملکی مفاد کیلئے اہم قرار ، F16 طیاروں کےمعاملے میں وزارت خارجہ کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار ۔ اندرونی سلامتی پر اجلاس میں قومی مسائل پر تبادلہ خیال ۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے وزیر اعظم کو پیغام دیا ہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات اور اس کی شفاف تحقیقات ملکی مفاد میں ہے ۔ سیاسی رسہ کشی ملکی سلامتی کے لئے سود مند نہیں ، ترقی اور شفافیت کیلئے سب کو کام کرنا ہے ۔ امریکا سے F16 طیاروں کی خریداری کے معاملے پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ کو بھارتی لابنگ کے بارے بتایا گیا پھربھی وہ مناسب کارروائی نہیں کرسکی ۔ ملاقات کے بعد وزیر اعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکورٹی صورتحال پر غور کیا گیا ۔ آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت اور آئی ڈی پیز کی واپسی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ترجمان وزیر اعظم کے مطابق وزیر اعظم اور آرمی چیف کی معمول کی ملاقات تھی جس میں سلامتی سمیت اہم ملکی امور پر بات چیت ہوئی ۔ میڈیا بریفنگ میں نون لیگ کے رہنما محمد زبیر نے واضح کیا کہ ملاقات میں صرف ملکی سیکورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی ۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا یہ معمول کی ملاقات تھی ۔ اس کا مشترکہ بیان بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔