پاکستان، بلوچستان کے بغیر نامکمل ہے، آرمی چیف
کوئٹہ(ملت آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان امن و استحکام اور بلوچستان کی خوشحالی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا جبکہ ملک بلوچستان کے بغیر نامکمل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بلوچستان کےنوجوانوں سےملاقات اور گفتگو کے دوران کہا کہ سمندر پار ریاست مخالف عناصر کے پروپیگنڈے سے گمراہ نہ ہوں، ریاست دشمن عناصر غیر ملکی دشمن ایجنسیز کے تعاون سے پروپیگنڈا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان ذہین ترین اور متحرک نوجوانوں سے مالا مال ہے اور نوجوان ہی پاکستان کا قیمتی ترین اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان قومی سالمیت اور ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور منفی تاثر کو ختم کرتے ہوئے اپنی تعلیم اور کام پر توجہ دیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے 173 طلبا اور فیکلٹی ممبران نے ملاقات کی جن کا تعلق بلوچستان کے تعلیمی اداروں سے تھا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں’’تان‘‘بلوچستان سے ہے، یہ ہمارا ملک ہے یہیں جینا اور مرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں بلوچ رجمنٹ سے تعلق ہونے پر فخر ہے اور انہیں بلوچستان سے بہت محبت ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، قوم کی غیرمتزلزل حمایت سے پاک فوج نے ملک کو دہشتگردی اور تشدد سےپاک کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سےدیکھنےکی جرات نہیں کرسکتا۔