اسلام آباد:(آئی این پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ پاکستان اب مزید افغان مہاجرین کی میزبانی نہیں کرسکتا اور ہم چاہتے ہیں وہ باعزت طریقے سے واپس جائیں۔ وزیراعظم نوازشریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کی لیکن ہمارے لیے یہ ممکن نہیں کہ افغان مہاجرین کی مزید میزبانی کرسکیں اور ہم چاہتے ہیں وہ اب باعزت انداز میں واپس جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کی سول جنگ پاکستان میں لڑنے کو تیار نہیں جب کہ توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گی۔ طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن عمل کی ذمے داری چار ملکی گروپ کودی گئی اور امریکا نے 18 مئی کو امن عمل کی حمایت کی لیکن 21 مئی کو ڈرون حملہ کردیا جس سے امن کی کوششوں پرسوالیہ نشان لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی سے تعاون جاری رکھیں گے جب کہ دونوں ملک بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرسکتے ہیں جس کے لیے مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے افغان وزیر خارجہ کو دورے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترسرحدی انتظام کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا جب کہ افغانستان بائیو میٹرک کا نظام نصب کرے تو خیرمقدم کریں گے۔