اسلام آباد :(اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان اسلحہ کی برآمد روکنے کے کثیرالجہتی فورمز اور بالخصوص نیوکلیئر سپلائرز گروپ کا رکن بننے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں دفترخارجہ میں روس کے نائب وزیر برائے امور خارجہ سرگئی ریبکوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق اصولی اور غیرامتیازی عالمی اقدام کی ضرورت پر زور دیا۔ طارق فاطمی نے تخفیف اسلحہ اور ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے لئے بین الاقوامی برادری کے مساوی شراکت دار کے طور پر عالمی کوششوں میں پاکستان کے کردار کا ذکر کیا۔ انہوں نے پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات ، علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال اور تخفیف اسلحہ و ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ سرگئی ریبکوف سٹریٹجک استحکام سے متعلق پاکستان اور روس کے مشاورتی گروپ کے دسویں اجلاس میں اپنے ملک کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔