کابل/ اسلام آباد/ لندن:(آئی این پی ) برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان سرحدی انتظام کے حوالے سے کسی بھی معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہے ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان اس ہفتے تاشقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلا س کے موقع پر مزید بات چیت ہوگی۔ برطانوی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایک اہلکار نے بتایا کہ مذاکرات میں کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہوا تاہم پاکستان نے افغانستان کو اپنی پوزیشن واضح کردی ہے اور سیکریٹری خارجہ نے افغان وفد کو بتایا کہ پاکستان افغان سرحد پر مختلف کراسنگ پوائنٹس پر4 گیٹ تعمیر کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ ادھر افغان وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان کیساتھ مذاکرات پرامن اور دوستانہ ماحول میں ہوئے، افغان وفد نے افغان علاقے میں چوکیاں قائم کرنے سمیت پاکستان کی طرف سے دیگر مختلف خلاف ورزیوں کے معاملے کو اٹھایا اور افغان دیہات پر پاکستان کی جانب سے بلااشتعال گولہ باری کیخلاف سخت احتجاج بھی کیا۔ طورخم بارڈر پر کشیدگی کے خاتمے اور افغان شہریوں کی آمد و رفت کو قانونی شکل دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کے لیےگزشتہ روز افغان نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی کی سربراہی میں 6 رکنی وفد اسلام آباد پہنچا تھا جس نے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور مشیر خارجہ سے ملاقاتیں کی تھیں