پشاور (ملت + آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جب تک پاکستان کو امن کا گہوارہ نہیں بنائیں گے چین سے نہیں بیٹھیں گے‘ دہشت گردوں کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی‘ اے پی ایس کے شہداء کی قربانی نے قوم کو نیا جذبہ دیا‘ قوم اور عسکری ادارے وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وہ جمعہ کو سانحہ اے پی ایس کی دوسری برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس پر حملہ ہماری جدوجہد کو نقصان پہنچانے کی کوشش تھی۔ جب تک پاکستان کو امن کا گہوارہ نہیں بنائیں گے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اے پی ایس کے شہدا نے قربانی سے قوم کو نیا جذبہ دیا۔ شہید ہونے والے بچوں کے والدین کا درد سمجھ سکتا ہوں۔ آج کی تقریب کا مقصد ان شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اور عسکری ادارے وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ شہدا کے لواحقین کو سہولیات دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ کوشش ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو جلد منطقی انجام تک پہنچائیں۔