قومی دفاع

پاکستان اورافغانستان دہشت گردوں کاخاتمہ ملکر کریں،امریکا

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکا نے پاکستان اور افغانستان سے کہا ہے کہ وہ سرحدی علاقوں سے دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کرنے کے لئے مل کر کام کریں کیونکہ ان محفوظ ٹھکانوں کو دہشت گرد دونوں ہمسایہ ممالک میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کرتے ہیں ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ سرحدی علاقوں سے دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کرنے میں دونوں ممالک کا مفاد ہے اور ہم نے اس پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ ہمیں اس بات کا بھی احساس ہے کہ اس سلسلہ میں کی جانے والی کوششوں اور اقدامات میں رکاوٹیں بھی ہیں اور ہم دونوں (ممالک کی) حکومتوں سے کہتے آئے ہیں کہ وہ اس سلسلہ میں ملکر کام کریں ۔ امریکی ترجمان نے اس موقع پر ڈیورنڈ لائن کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دینے سے انکار کیا۔انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں موجود محفوظ ٹھکانوں کو استعمال کرنے والے دہشت گرد گروپوں کی طرف سے درپیش خطرات سے دونوں ممالک آگاہ ہیں اور ماضی میں دونوں ممالک کی حکومتوں نے ان ٹھکانوں کے خاتمے کے لئے ملکر کوششیں کی ہیں۔ قبل ازیں امریکی ترجمان نے معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دنیا کی ’’عظیم انسان دوست شخصیت میں سے ایک قرار دیا ‘‘۔ ترجمان نے کہا کہ ان کا جذبہ ‘ وقار اور عاجزی سب کے لئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی دوسروں کی بلاتفریق مذہب و قومیت خدمت میں گزاری ۔ ہم ان کی اہلیہ ‘ بچوں ‘ ان سے عقیدت رکھنے والے لاکھوں افراد اور پاکستانی عوام سے اس موقع پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔