قومی دفاع

پاکستان اورترکی کو دہشت گردی کے مشترکہ چیلنج کا سامنا ہے: اسماعیل خرامان

اسلام آباد (آئی این پی) ترکی کی پارلیمان کے سپیکر اسماعیل خرامان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان اور ترکی کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کو دہشت گردی کے مشترکہ چیلنج کا سامنا ہے‘ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر چلنا ہوگا۔ وہ پیر کو سرکاری ٹی وی کوانٹرویو دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین اور مذہب نہیں دہشت گرد انسانی ذہنوں کو متاثر کررہے ہیں۔ اس کے خاتمے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے صرف طاقت نہیں بلکہ مذاکرات بھی ضروری ہیں ترک فوج دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں کررہی ہیں۔ ترکی میں دہشت گردوں نے بہت سے اداروں کو اپنی سفاکانہ دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ کارروائیوں سے پاکستان اور افغانستان کو بھی بہت نقصان پہنچ رہا ہے۔ پاکستان اور ترکی کو دہشت گردی کے مشترکہ چیلنج کا سامنا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل ضروری ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر چلنا ہوگا۔ (ن غ)