راولپنڈی(آئی این پی )چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمودحیات سے روس کے نائب چیف آف جنرل سٹاف جنرل استراکوونے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوآرٹرز میں ملاقات کی جس میں پیشہ ورانہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،روسی نائب چیف آف جنرل سٹاف نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا ۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق روس کے نائب چیف آف جنرل سٹاف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوآرٹرز کادورہ کیا اور جنرل زبیر محمود حیات سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی اور پیشہ ورانہ تعاون سے متعلق امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں ممالک کی افواج کے درمیان سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ۔روسی نائب چیف آف جنرل سٹاف نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیوں پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔