راولپنڈی (ملت آن لائن + آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین سے کسی پراکسی کے استعمال کے الزامات کو مسترد کرتا ہے،پاکستان خود سٹیٹ سپانسرڈ دہشتگردی کا شکار ہے،دہشتگردوں کے خلاف پاکستان بغیر رنگ و نسل بلاامتیاز کارروائی کررہا ہے۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میک ماسٹر نے ملاقات کی۔میک ماسٹر کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔امریکی مشیرقومی سلامتی کو علاقائی و عالمی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف پاکستان بغیر رنگ و نسل بلاامتیاز کارروائی کر رہا ہے،پاکستان خود سٹیٹ سپانسرڈ دہشتگردی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین سے کسی پراکسی کے استعمال کے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔امریکی مشیر نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی کوششوں کا اعتراف کیا اور عالمی و علاقائی امن وا ستحکام کیلئے پاکستان کی حمایت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔