اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد طالبان پاکستان سے فرار ہو رہے ہیں اور ہم اچھے اور برے طالبان میں تمیز نہیں رکھتے۔ اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے طارق فاطمی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے کسی بھی ملک سے زیادہ کام کیا ہے جب کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہیں تاہم بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام متنازعہ امور پر بات چیت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نیوکلیئرسیکورٹی کانفرنس میں متعدد ریاستوں نے ہمارا دفاع کیا جب کہ یہ بات درست نہیں کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہو گیا، این ایس جی میں پاکستان کا مؤقف تھا کہ اس معاملے پر بلا امتیاز سلوک ہونا چاہیے۔ طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد طالبان پاکستان سے فرار ہو رہے ہیں اور ہم اچھے اور برے طالبان میں تمیز نہیں رکھتے جب کہ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی چاہتے ہیں۔