نئی دہلی(آئی این پی )بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے پاکستان پر اچھے اور برے دہشتگردوں میں تفریق کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مخلص نہیں ،وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات اور خیرسگالی کی جو کھڑکی کھولی تھی وہ آہستہ آہستہ بند ہورہی ہے ،اس سے پہلے کہ یہ بند ہوجائے پاکستان کو بھارت کے ساتھ اپنے خلوص کے حوالے سے اعتمادبڑھانے کی ضرورت ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع منوہر پریکر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات اور خیرسگالی کی کھڑی کھولی تھی جو اب بند ہورہی ہے کیونکہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے خلوص کے بارے میں شکوک وشبہات موجود ہیں ۔بھارتی وزیر دفاع نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کا دورہ کرکے مواقعوں کی ایک کھڑکی کھولی تھی میرے خیال میں یہ کھڑکی آہستہ آہستہ بند ہورہی ہے ،اس سے پہلے کہ یہ بند ہوجائے پاکستان کو بھارت کے ساتھ اپنے خلوص کے حوالے سے اعتمادبڑھانے کی ضرورت ہے ۔منوہر پریکر نے الزام عائد کیا کہ پاکستان اچھے اوربرے دہشتگردوں میں فرق رکھتا ہے ،اچھے دہشتگردوں کی افغانستان اور بھارت میں کاروائیوں کیلئے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے میرے خیال میں اس مسلئے کو سفارتی سطح پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔