اسلام آباد :(اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے برطانیہ کے ساتھ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف آپریشن سے متاثرہ علاقوں کے لئے برطانوی امداد کا خیر مقدم کریگا۔یہ بات انہوں نے یہاں برطانوی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی جسٹن گریننگ سے بات چیت کے دوران کہی جنہوں نے بدھ کومشیر خارجہ کے ساتھ وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔سرتاج عزیز نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ڈی ایف آئی ڈی کے پروگرام میں مثبت پیشرفت جاری ہے جبکہ اس پروگرام کو سندھ اور بلوچستان تک وسعت دینے کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کیا کہ اپریل 2016 ء میں تیسرے پاک برطانیہ انہانسڈ سٹریٹجک ڈائیلاگ کے تحت دونوں ملکوں کے مابین موجودہ مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔برطانوی وزیر نے پاکستان میں سماجی واقتصادی صورتحال کی بہتری کیلئے حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ڈی یف آئی ڈی پاکستان میں سب سے بڑا اور کامیاب ترین پروگرام ہے۔ برطانوی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ برطانیہ پاکستان کے لئے ترقیاتی امداد خصوصا صحت اور تعلیم کے شعبوں میں امداد میں مزید اضافہ کریگا۔ڈائریکٹر جنرل ڈی ا یف آئی ڈی۔برطانوی ہائی کمشنر اور پاکستان میں ڈی یف آئی ڈی کے سربراہ بھی موجود تھے۔