واشنگٹن (آئی این پی) امریکا نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان ممبئی حملوں کی تحقیقات میں بھارت سے تعاون اور اپنی سرزمین پر تمام گروپس کے خلاف کارروائی کرے،طالبان کے معاملے پر پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رہتی ہے،امریکہ کے قومی مفاد کے تحفظ کے لیے ہمارے پاس حملے کرنے کا حق موجود ہے۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ ممبئی حملے بڑا سانحہ تھا، انصاف چاہتے ہیں۔ امریکا پاکستانی حکومت پر زور دیتا رہا ہے کہ ممبئی حملوں کی تحقیقات کے لیے بھارتی حکام کے ساتھ تعاون کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے معاملے پر پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رہتی ہے۔ پاکستانی حکومت کو اپنی سرزمین پر موجود طالبان سمیت تمام گروپس کے خلاف کارروائی کرنے کی ضرورت ہے، جو پاکستان کے اپنے لیے خطرہ ہیں۔ اس سوال کے جواب پر کہ اگر امریکہ کو کسی سے بھی خطرہ محسوس ہوا تو وہ اْسے مارنا جائز ہے؟ ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ امریکہ کے قومی مفاد کے تحفظ کے لیے ہمارے پاس حملے کرنے کا حق موجود ہے۔ ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ اپنی سر زمین پر موجود ہر دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرے۔ امریکہ نے ماضی میں بھی اْن پر زور دیا ہے اور آئندہ بھی اصرار کرتا رہے گا۔