کراچی:(اے پی پی)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کسی دہشت گرد تنظیم کے لیے جگہ نہیں، داعش سمیت کوئی دہشت گردتنظیم پاکستان میں پنجے نہیں گاڑسکتی، دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے جاری ہے،ختم نہیں ہوئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نےدہشتگردی کیخلاف جنگ میں جوکچھ حاصل کیاوہ دنیاکیلئےمثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ملک میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک تھے تاہم اب دہشت گرد محدود ہوتے جارہے ہیں، آنے والے دنوں میں مزید بریک تھرو ملے گا۔عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے ایک علاقے کے سواباقی علاقے کلیئرکرا لئے گئے ہیں، اس سال کے آخر تک تمام آئی ڈی پیز واپس جاچکے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بارڈر ایریا میں امن کے لیے کام جاری ہے، دہشت گردسے جس کابھی تعلق ہوگا اس کوپکڑاجائے گا، آنے والے دنوں میں داعش سے متعلق مزید معلومات سے آگاہ کیا جائے گا۔