لاہور:(آئی این پی)صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں دہشتگردوں کیخلاف جاری سرچ آپریشن میں تیزی آ رہی ہے ، پنجاب میں رینجرز کے آپریشن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن پاکستان کی بقا کا آپریشن ہے ، دہشتگردوں کے خاتمے ، ان کو گرفتار کرنے کیلئے شہریوں ، انٹیلی جنس اداروں کے پاس جو بھی معلومات ہوں ان کا فوری تبادلہ کیا جائے ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ اپنے گرد و نواح میں نظر رکھے اور کسی بھی قسم کی مشکوک حرکت پر فوری طور پر حساس اداروں کو رپورٹ کریں ۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب میں کیا جانے والا آپریشن حساس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشاورت سے کیا جا رہا ہے اور جب تک صوبے سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا اس وقت تک یہ آپریشن جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ آپریشن کی منصوبہ بندی روزانہ کی بنیاد پر کی جاتی ہے اور اسی لئے ہمیں امید ہے کہ ہمارا یہ آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوگا ۔