اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ پاكستان میں بلوچستان اور فاٹا میں كارروائیوں میں ملوث ہے جس كے ثبوت دیئے ہیں۔ سینیٹ میں بیان دیتے ہوئے وزیراعظم كے مشیر برائے خارجہ سر تاج عزیز نے كہا كہ پاكستان كے ایٹمی اثاثے محفوظ ہیں جس كی پوری دنیا تعریف كرتی ہے جب کہ امریكی سیكرٹری خارجہ كے بیان كو غلط رپورٹ كیا گیا۔ انہوں نے كہا كہ وزیراعظم كے دورہ امریكا میں بات كی تھی كہ ایٹمی اثاثوں كے حوالے سے بندش یا پابندی برداشت نہیں كریں گے جس سے پاكستان كی سیكیورٹی كو خدشات لاحق ہوں۔ سرتاج عزیز نے كہا كہ گزشتہ 5 سے 6 سالوں میں پاكستان نے جو آپریشن كیے اس سے زیادہ تر طالبان واپس افغانستان چلے گئے، یہ تاثر درست نہیں كہ پاكستان افغان طالبان كی میزبانی نہیں كر رہا، ہمارا طالبان پر اثر محدود ہے اب جو چار فریقی گروپ مذاكرات كروا رہاہے اس كی مشتركہ ذمہ داری ہے كہ وہ مذاكرات كو دوبارہ شروع كرانے میں اپناكردار ادا كریں۔ انہوں نے كہا كہ پاكستان افغانستان میں امن چاہتا ہے، مذاكرات افغان حكومت اور طالبان میں ہو ررہے ہیں، باقی ممالك سہولت كار ہیں، پاكستان نے مذاكرات كی میزبانی كی پیش کش كی ہے اگر كوئی اور ملك مذاكرات كی میزبانی كرنا چاہتا ہے تو ہمیں اعتراض نہیں ہے۔ مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ پاكستان میں بلوچستان اور فاٹا میں كارروائیوں میں ملوث ہے جس كے ثبوت دیئے ہیں۔