قومی دفاع

پاکستان نفرت اورتعصب کے خلاف جنگ جیت رہا ہے: پاکستانی قونصل شکاگو

شکاگو۔:(اے پی پی) امریکا کے شہر شکاگو میں پاکستانی قونصل جنرل فیصل نیاز ترمذی نے امریکی اور پاکستانی تعلیمی اداروں کے درمیان زیادہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے وہ یونیورسٹی آف شکاگو میں ڈیپارٹمنٹ آف پالیٹکس ‘ مڈل ایسٹ اینڈ ساؤتھ ایشیئن سٹڈیز کے اساتذہ اور طلبہ کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں طلبہ کے تبادلے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے پاکستان میں دہشت گردی کے سدباب کے لئے جاری اقدامات سے طلبہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نفرت اور تعصب کے خلاف جنگ جیت رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستان میں شہری اور دیہی زندگی کا ثقافتی پہلو اجاگر کرنے کی غرض سے ایک تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔ نمائش کے ذریعے پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سماجی و اقتصادی ترقی میں پاکستانی خواتین کے کردار بارے آگاہی فراہم کی گئی ۔ طلبہ نے پاکستان میں سیاحت کے مواقع خصوصاً شمالی علاقہ جات کی خوبصورت مناظر والی تصاویر میں زبردست دلچسپی کا اظہار کیا۔ پاکستان قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان وادی سندھ ‘ گندھارا ‘ مسلم اور ترک تہذیبوں کا خوبصورت مرقع ہونے کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیاء اور مشرق وسطیٰ کے سنگم پر واقع ہے یونیورسٹی آف شکاگو کے طلبہ و اساتذہ نے امریکی اور پاکستانی تعلیمی اداروں میں باہمی رابطہ کے فروغ کے لئے پاکستان قونصل جنرل کی کوششوں کو سراہا۔