اسلام آباد:(اے پی پی) پاکستان نے بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت امریکی وفد کے سامنے رکھ دیئے۔ بلوچستان میں ڈرون حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے امریکا کے 3 رکنی اعلی سطحی وفد نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے اسلام آباد میں ملاقات کی، اس موقع پر سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری بھی موجود تھے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرتاج عزیز نے امریکی وفد کے سامنے بلوچستان میں ڈرون حملے پر احتجاج کیا اور نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں بھارتی ممبر شپ کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا، اس کے علاوہ پاکستانی حکام نے امریکی وفد کے سامنے ملک میں بھارتی مداخلت کے ثبوت بھی پیش کئے اور امریکی حکام کو بلوچستان سے گرفتار بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کے اعترافی بیان کی ویڈیو بھی دکھائی۔ امریکی صدر براک اوباما کے مشیر پیٹر لیوئے کی قیادت میں آنے والا وفد آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کرے گا جس میں بلوچستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ امریکی وفد میں پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن اور میتھیو ڈیوڈ بھی شامل ہیں۔ گزشتہ ماہ بلوچستان میں ہونے والے ڈرون حملے پر سول اورعسکری قیادت کی شدید مذمت کے بعد پاک امریکا تعلقات میں سرد مہری پیدا ہو گئی تھی جب کہ رہی سہی کسر امریکا نے بھارت کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی ممبر شپ کی حمایت کر کے پوری کر دی۔