اسلام آباد:(آئی این پی ) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ویانا میں پاکستانی سفیر نے نیوکلیئر سپلائر گروپ کا رکن بننے کیلئے باقاعدہ درخواست جمع کرائی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کے تمام تقاضے پورے کرتا ہے اور ایٹمی عدم پھیلاؤ کی عالمی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان پرامن مقاصد کیلئے جوہری آلات، اشیاء اور خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کیلئے عالمی معیار کے مطابق ایٹمی تحفظ اور سکیورٹی کے انتظامات کر رکھے ہیں، گروپ کو چاہئے کہ وہ این پی ٹی پر دستخط نہ کرنے والے ممالک کی رکنیت سازی کیلئے امتیازی رویہ ترک کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت ملنے پر پاکستان این ایس جی کی گائیڈ لائنز کے تحت مقرر کی گئیں مخصوص جوہری اشیاء، آلات، سامان، ٹیکنالوجی اور خدمات فراہم کرنے والا ملک بن جائے گا۔