جنیوا: (آئی این پی) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے مستقل مندوب اور سفیر تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری، اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، انسانی حقوق کونسل کو پاکستان میں ہونے والے ڈرون حملوں سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور قیمتی جانوں کے نقصان کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی میں بھی متعدد بار اس بات پر زور دے چکا ہے کہ بغیر پائلٹ کے مسلح ڈرون جہازوں کا استعمال انسانی حقوق بالخصوص زندہ رہنے کے حق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ تہمینہ جنجوعہ نے اپیل کی کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کونسل غیرقانونی ڈرون حملوں سے ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوائے اور اس بارے میں کوئی مربوط لائحہ عمل تشکیل دے۔