اسلام آباد:(آئی این پی ) دفتر خارجہ کے ترجمان نے امریکی خفیہ دستاویزات میں حقانی نیٹ ورک کے ساتھ تعلقات سے متعلق دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔اسلام آبادمیں تعینات عرب اورآسیان ممالک کے سفیروں کو پاکستان میں گرفتار بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ کل بھوشن یادیوکی گرفتاری پر ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے بریفنگ دی جس میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کل بھوشن پاکستان میں عدم استحکام اورتخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر سمیت تمام تنازعات بات چیت کےذریعے حل کرے اور خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان میں مداخلت بھی بند کرے۔ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی خفیہ دستاویزات میں حقانی نیٹ ورک کے ساتھ تعلقات سے متعلق کیے گئے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان پر حقانی نیٹ ورک کے ساتھ ملوث ہونے سے متعلق تمام الزامات بے بنیاد ہیں کیونکہ پاکستان نے نہ صرف دہشت گردی کے خاتمے کا تہیہ کررکھا ہے بلکہ بلاامتیاز تمام دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بھی کی گئی ہیں جب کہ ان فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سمیت دوسری شدت پسند اور دہشت گردتنظیموں کی کمرتوڑ دی ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والا ملک ہے جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پانچ ہزار سے زیادہ دلیر جوانوں سمیت ہزاروں بے گناہ افراد نے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے جب کہ اس جنگ میں پاکستان کو بھاری اقتصادی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔