قومی دفاع

پاکستان پرکسی قسم کی پابندیاں زیرغورنہیں، امریکا

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات سے مطمئن ہیں اور اسلام آباد پر کسی قسم کی پابندیاں زیر غور نہیں ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف بعض کارروائیاں حوصلہ افزا ہیں تاہم پاکستان کو دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کرنا ہوں گی اور شدت پسندوں کے ٹھکانے ختم کرنے لئے آپریشن تیز کرنا ہوگا۔ مارک ٹونر نے کہا کہ پاکستان پر کسی قسم کی پابندیوں سے متعلق غور نہیں کیا جا رہا بلکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے، پاکستان کو پڑوسی ملکوں کو نشانہ بنانے والے جنگجوؤں سمیت تمام دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنا ہو گا۔