قومی دفاع

پاکستان پڑوسیوں کےدشمن گروپوں کیخلاف کارروائی کرے،امریکا

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کیلیے اقدامات کر رہا ہے تاہم اُسے دہشت گرد گروپوں پر توجہ دینی ہوگی۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے انتہا پسندی کیخلاف سنجیدہ اور پائیدار مہم شروع کررکھی ہے اور دہشتگردی سے خودبھی نقصان اٹھا رہا ہے، پاکستان نے ضرب عضب اوردیگر آپریشنزسے دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانے تباہ کیے ہیں اور ایسے علاقوں میں حکومتی کنٹرول بحال کیا ہے۔ بیان میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان پڑوسیوں کو ہدف بنانے والے گروپوں کیخلاف بھی کارروائی کرے۔ امریکی حکام نے کہا کہ پاکستانی رہنماؤں اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حالیہ بیان کو سراہتے ہیں جس میں انھوں نے تمام حکومتی اداروںکو ہدایت کی کہ دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کرنے کیلیے ٹھوس اقدامات کریں۔