اسلام آباد:(اے پی پی) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ دکھانے پر اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو خط لکھ دیا ، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ خط میں مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ دکھانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ دکھانے پر اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھا ہے جس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے بل پرتحفظات ہیں ۔ بھارت کے سرکاری نقشے میں مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ دکھایا جا رہا ہے ، کشمیر کو بھارت کا حصہ دکھایا جانا سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے ۔ قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے ۔ متنازعہ بل کے تحت بھارت کشمیری رہنماؤں ، عوام اور جماعتوں کو بھارتی قانون کے تحت سزائیں دے سکے گا ۔ اقوام متحدہ بھارتی حکومت کو متنازعہ اقدامات اور اپنی قرار دادوں کی خلاف ورزی سے روکےاور عالمی برادری کشمیریوں کو استصواب رائے کا بنیادی حق دلانے میں کردار ادا کرے