اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے افغان فورسز کی جانب سے مسلسل بلا اشتعال فائرنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد پر نقل و حمل بہتر بنانے کیلئے سرحدی نظام کو مضبوط بنانا ہو گا، سرحدی نظام میں بہتری دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے نہایت اہم ہے، حالیہ کشیدگی دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کی روح سے متصادم ہے، سرحد پار دہشت گردی روکنے کیلئے افغانستان سے تعاون کے خواہاں ہیں، امید ہے افغانستان سیکیورٹی معاملات پر پاکستان سے تعاون کرے گا۔بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے میجر علی جواد خان چنگیزی کی شہادت پر تعزیت کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق مشیر خارجہ نے افغان فورسز کی طرف سے مسلسل بلا اشتعال فائرنگ پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ سرحد پر نقل و حمل بہتر بنانے کیلئے سرحدی نظام کو مضبوط بنانا ہو گا، سرحدی نظام میں بہتری دہشت گردی کے خلاف جنگ کیلئے اہم ہے، سرحدی نظام میں بہتری کے بغیر سرحد کے اطراف امن پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے دونوں ملک کے مسائل مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ حالیہ کشیدگی دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کی روح سے متصادم ہے، امید ہے کہ افغانستان سیکیورٹی معاملات پر پاکستان سے تعاون کرے گا، سرحد پار دہشت گردی روکنے کیلئے افغانستان کے تعاون کے خواہاں ہیں۔(اح)